Wednesday, May 8, 2024

لاہور اور گردونوح میں موسلادھار بارش، حبس کا زور ٹوٹ گیا

لاہور اور گردونوح میں موسلادھار بارش، حبس کا زور ٹوٹ گیا
July 31, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونوح میں موسلادھار بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا، کئی علاقے زیرآب آگئے۔ اگلے چوبیس گھنٹے میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے حبس کا زور تو ٹوٹا لیکن نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

لاہورمیں کینال روڈ اور آس پاس کے علاقوں، جوہرٹاؤن، مال روڈ اور مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیزبارش ہوئی۔

شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، کوٹ خواجہ سعید، گجر پورہ، سکیم نمبر2 ، دھوبی گھاٹ، دھرمپورہ، مغلپورہ، صدر بازار، فیصل ٹاؤن اور گردونواح میں بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر اور لیسکو کے پینسٹھ سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ سڑکوں پر پانی کھڑاہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی۔

پھول نگر اور نواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیرِآب آگئے۔

ملکوال میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، بجلی بھی بند ہوگئی۔

علی پور چٹھہ شہر اور مضافات میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

پھالیہ شہر اور گردونواح میں تیز بارش سے گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔