Saturday, April 20, 2024

لاہور اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش ، نشیبی علاقے زیر آب

لاہور اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش ، نشیبی علاقے زیر آب
July 25, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، لیسکو کے 180 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے عوام کی مشکلات بڑھ گئیں۔ گزشتہ  رات سے ہی بادلوں اور ٹھنڈی ہوا نے  شہر کو اپنی لپیٹ میں لئے رکھا ، علی الصبح سے ہی  بارش کے آثار نمودار ہو گئے جس کے بعد موسلا دھار بارش برسی  جو بعد میں طوفانی بارش کی شکل اختیار کر گئی ۔ طوفانی بارش سے لاہور کی سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا جس سے موٹر سائیکل سواروں کیساتھ گاڑی والوں کے لئے بھی ڈرائیونگ مشکل ہو گئی  اور  گاڑیاں سڑک کے کنارے روکنا پڑ گئیں ۔ طوفانی بارش سے بچنے کے لئے شہری  مختلف جگہوں پر درختوں ، انڈر پاسز اور  میٹرو کے پل کے نیچے پناہ  لئے نظر آئے۔ دوسری جانب طوفانی بارش نے نشیبی علاقے ڈبو دیے ۔ مصری شاہ میں  110، اندرون شہر  104 ، ایئرپورٹ 75 اور گلشن راوی میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ  کی گئی ۔  سڑکوں پر کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند  ہو گئیں  ۔ بارش اور خراب موسم کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر درجنوں پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہو گئیں ۔ متعدد مقامات پر  سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں جب کہ روڈ ڈیوائیڈر تک پانی میں ڈوب گئے ،  ہنگامی صورتحال کےپیش نظر واسا اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ۔ ادھر چونیاں ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی  ابرکرم خوب کھل کر برسا۔