Thursday, March 28, 2024

لاہور اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں اور کالی گھٹاؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش

لاہور اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں اور کالی گھٹاؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش
July 20, 2020
 لاہور (92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں اور کالی گھٹاؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے حبس کو بریک لگا دیئے۔ ابرِباراں سے پتہ پتہ دُھلا، سڑکوں سے گرد ہٹی تو ماحول کے سارے رنگ نمایاں ہو گئے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ کالی گھٹاؤں میں ٹپکتی تیز بارش نے ایک بار پھر حبس کی چھٹی کرا دی۔ سہ پہرکے وقت ہواؤں اور گھٹاؤں کی ملی بھگت سے حبس کو پسپائی ہوئی تو اُفق سے ٹپکتی بوندوں نے خوشگوار موسم کی تائید کی۔ گھنگور گھٹاؤں نے سورج کی لالی کے سامنے سیاہی کی چادر تانی تو دن میں رات کا نظارہ بن گیا۔ بارش کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ لاہور کے نواح مریدکے میں بھی بارش سے پہلے گھٹاؤں کی سیاہی سے ماحول جادو اثر ہو گیا۔ گوجرانوالہ میں بارش نے درختوں اور پودوں کے سارے رنگ نکھار دیئے۔ جی ٹی روڈ پر تیز بارش کے دوران دن میں شام کا سماں بنا رہا۔ اس دوران نشیبی علاقے ڈوبے تو شہریوں کا گھروں میں آنا جانا مشکل ہو گیا۔ اوکاڑہ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ حجرہ شاہ مقیم میں بھی بادل کھل کر برسے۔ محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اگلے چوبیس گھنٹے میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔