Thursday, March 28, 2024

بالائی علاقوں میں برفباری، لاہور، اسلام آباد میں بارش

بالائی علاقوں میں برفباری، لاہور، اسلام آباد میں بارش
January 7, 2017

لاہور / کراچی /اسلام آباد (92نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم سرد ہو گیا جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ حرارت 17 اور کم سے کم 7 سینٹی گریڈ رہے گا۔  

ملتان، وہاڑی اورگردونواح میں آج بھی دھند چھائی رہی۔ حدنگاہ صفرہونے کے بعد ملتان ایئرپورٹ کو پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا۔ کوٹلی آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی اورتیز بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ 

کوئٹہ میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔ کوئٹہ میں آج صبح درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں سردی کی شدت کے باعث کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہے۔ بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر بالائی علاقوں میں نان اسٹاپ برف باری سے وادی نیلم، چترال اور سوات کا حسن بڑھ گیا۔ برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاح بے اختیار کھنچے چلے آ رہے ہیں۔ اپردیر، مری، دیامیراور چترال کے پہاڑوں پر بھی برف پڑ چکی ہے جس کے بعد راستے بند  اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ 

ملک کے بالائی علاقوں میں نان اسٹاپ برف باری کے بعد ہر شے پر سفیدی چھا گئی ہے۔ لواری ٹاپ، بن شاہی اور کو ہستان کمراٹ میں اب تک چار فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ چترال جا نے کے لئے سیکڑوں سیاح لواری ٹنل کے دونوں طرف ٹنل کھلنے کا انتظا ر کر رہے ہیں جبکہ کاغان، ناران، چترال، شانگلہ، سوات، کالام اور مالم جبہ پر بھی برف گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

 

.ادھر کراچی میں بھی سردی کی لہر چل پڑی۔ شہر قائد میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔