Thursday, May 9, 2024

لاہور ، اسلام آباد  سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں جاری

لاہور ، اسلام آباد  سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں جاری
August 1, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور ، اسلام آباد  سمیت ملک  کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے  ۔ کیرتھر کے پہاڑی علاقوں میں شدید طغیانی سے 300 دیہات زیر آب آگئے ، قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب بپھر گیا جب کہ دریائےجہلم میں بھی نچلے درجے کےسیلاب کا خطرہ ہے   ۔ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ لاہور  ، اسلام آباد  سمیت ملک بھر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوکے مختلف علاقوں میں بادل ایک بار پھر برس پڑے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، راولپنڈی میں مجموعی طور پر70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گوجرانوالہ اورگردونواح میں بھی جھڑی لگ گئی ،ملتان میں بھی بادل  برسے ہیں  تلہ گنگ اور ڈی آئی خان میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

حیدر آباد میں تاحال کئی کئی فٹ بارش کا پانی موجود

حالیہ بارشوں کے باعث دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے جہلم میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے ۔ سوات، مینگورہ، کالام اور مالم جبہ میں بادل جم کر برسے۔ بارشوں سے ندی نالوں اور دریائے سوات میں طغیانی کی کیفیت ہے، دادو میں حالیہ بارشوں کےباعث کیرتھر کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال، ندی نالوں میں شدید طغیانی سے300 دیہات زیر آب آگئے، رابطہ پل ٹوٹنے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے لاہور، فیصل آباد ، سرگودھا ، ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون برسنے کی پیش گوئی کردی ، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ عوام کو بارشوں کے دوران بجلی کی تنصیبات سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔