Sunday, September 8, 2024

لاہور : ارمانوں سے سجایا گھر آگ نے راکھ کر دیا‘ 6 لاشیں نکال لی گئیں

لاہور : ارمانوں سے سجایا گھر آگ نے راکھ کر دیا‘ 6 لاشیں نکال لی گئیں
January 14, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ کے چوک جھنڈا کے قریب رات دو بجے لگنے والی آگ پرچھ گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔ جل کر خاکستر ہو جانے والے گھر کے ملبے سے دوخواتین سمیت 6 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لوہاری کے علاقے کا گھر جسے اس کے مالک شاہد اور اس کے بھائیوں نے بڑے چاﺅ سے دیدہ زیب لکڑی سے مغلیہ طرز تعمیر پر بنایاتھا۔ گزشتہ رات دو بجے کے بعد اچانک آگ لگی جس نے آناً فاناً چاروں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی اطلاع قریبی فائر اسٹیشن پر کی گئی۔ ریسکیو عملہ آیا لیکن تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہریوں کی مداخلت کی وجہ سے امدادی کاموں میں بدنظمی دیکھنے میں بھی آئی۔ شعلوں کی لپیٹ میں آئے گھر کی چوتھی منزل پر موجود عطاءمحمد نے اپنی جان بچانے کیلئے پڑوسی کی چھت پر چھلانگ لگا دی۔ عطا محمد کا کہنا ہے کہ آگ انتہائی تیزی سے پھیلی۔ گھر میں بارہ افراد تھے چھ تو نکل گئے چھ لاپتہ ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گھر میں لکڑی کا میٹریل زیادہ ہونے کے باعث آگ پلک جھپکتے پھیل گئی اور پھر ہر چیز جل کر راکھ ہو گئی۔ امدادی عملہ نے آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل مکمل کر لیا ہے جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔