Friday, April 19, 2024

لاہور ائیرپورٹ پر پرندوں کا قبضہ ، طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیاگیا

لاہور ائیرپورٹ پر پرندوں کا قبضہ ، طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیاگیا
July 17, 2019
لاہور ( 92 نیوز)  بارش کے بعد لاہور ائیرپورٹ کے  رن وے پر پرندوں نے قبضہ کر لیا ، سول ایوی ایشن نے طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی کم اور پرندوں کی اڑان زیادہ  ہے ، رن وے پر پرندوں کی بھرمار سے لاہور آنے والی پروازوں کو دیگر شہروں کی طرف موڑ دیا گیا ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دبئی سے آنے والی پرواز 624 کا رخ کراچی موڑ دیا۔ پی آئی اے کی پیرس سےلاہور آنے والی پرواز پی کے 734کی سیالکوٹ ہنگامی لینڈنگ کی گئی، مدینہ سے آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 3042 کو ملتان ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا،دوحہ سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 628 کو واپس بھیج دیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق اچانک فضا میں پرندوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے رن وے کو عارضی طور پر بند کیا گیا،رن وے سے پرندے اڑانے کے بعدپیرس اور مدینہ سے آنے والی دونوں پروازیں واپس لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کر گئیں۔ پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس پر اتارنے کے باعث پی آئی اے کی روانہ ہونے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، لاہور سے جدہ کی پروازپی کے 759اور کوپن ہیگن اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751 کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔