Friday, March 29, 2024

لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئرکوالٹی انڈیکس 351 ریکارڈ

لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئرکوالٹی انڈیکس 351 ریکارڈ
December 9, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست رہا۔ آج لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس 351 ریکارڈ کیا گیا۔

ماحولیات کے عالمی ادارے کے مطابق صبح کے وقت لاہور 425 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا۔ فیصل آباد میں فضائی آلودگی کی شرح 273 جبکہ ملتان کی 207 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق لاہور میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا ایئر کوالٹی انڈیکس 313، ٹاؤن ہال کا 252 ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت لیک سٹی کا بذریعہ موبائل وین اے کیوآئی 224 تھا۔

فضا پر طاری اسموگ کے اسباب کی بات کی جائے تو فیکٹریوں کا کالا دھواں فضا کی شفافیت کو آلودہ کر رہا ہے۔ اینٹوں کے بھٹے بھی دھواں اگل کر حدنگاہ کم کر رہے ہیں۔ ایسے میں سڑکوں کی دھواں چھوڑتی گاڑیاں بھی سانس لینا محال کر رہی ہیں۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اسموگ کی موجودہ صورتحال میں صحت کو محفوظ رکھنے کے لیےاحتیاطی تدابیر اختیار کریں۔