Tuesday, May 21, 2024

لاہور : 7 سے 10 محرم تک فوج تعینات ‘ موبائل پر پابندی کیلئے محکمہ داخلہ کو خط ارسال

لاہور : 7 سے 10 محرم تک فوج تعینات ‘ موبائل پر پابندی کیلئے محکمہ داخلہ کو خط ارسال
October 15, 2015
لاہور (92نیوز) محرم الحرام کے سلسلہ میں پنجاب پولیس نے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا جس کے مطابق نو ہزار ایک سو اڑتالیس جلوسوں اور چھتیس ہزار ستاون مجالس کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ لاہور پولیس کو بھی انتالیس نکاتی سکیورٹی پلان فراہم کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سات سے دس محرم تک لاہور میں رینجرز اور فوج تعینات رہے گی جبکہ موبائل فون سروس کو معطل کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کو خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے لیے پولیس کے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار باون افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے جو نو ہزار ایک سو اڑتالیس جلوسوں اور چھتیس ہزار ستاون مجالس کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔ پولیس اور قومی رضاکار اسپیشل پولیس کے سولہ ہزار پانچ سو اٹھاسی اہلکار ڈیوٹیوں پر مامور جبکہ آٹھ ہزار نو سو تیس میٹل ڈی ٹیکٹر اور ایک سو تیئیس واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔ پولیس نے آٹھ سو ستر مقامات کو حساس جبکہ تین سو سینتیس مقامات کو انتہائی حساس قرار دے دیا ہے۔ لاہور پولیس کو بھی انتالیس نکاتی سکیورٹی پلان دے دیا گیا ہے جس کے مطابق دس ہزار سے زائد اہلکار لاہو رمیں تعینات کیے گئے ہیں جو چھے سو سولہ جلوسوں اور پانچ ہزار سات سو مجالس کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔ سات سے دس محرم الحرام تک لاہور میں رینجرز اور فوج تعینات رہے گی۔ پنجاب بھر کے چھتیس اضلاع میں پاک فوج کی 75 اور پنجاب رینجرز کی بارہ کمپنیاں سٹینڈ بائی رہیں گی جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی انتالیس ڈرون کیمروں کے ساتھ کی جائے گی۔ لاہور پولیس نے شہربھرمیں موبائل پر پابندی کیلئے اجازت کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کو خط ارسال کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انتالیس نکاتی سکیورٹی پلان ہر پولیس اہلکار کے پاس ہونا چاہیے۔