Friday, May 17, 2024

لاہور 306 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار

لاہور 306 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار
December 23, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) باغوں کا شہر آلودہ ہو گیا۔ لاہور 306 ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔

صوبائی درالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی میں آئے روز اضافہ ہونے لگا۔ فضا میں آلودہ زرات سے خواتین، بچے اور بوڑھے آنکھ، سانس کے مرض اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ایئرکوالٹی انڈیکس جاری تو ہوتا ہے لیکن اس کا سدباب نہ ہو سکا۔ شہر میں جا بجا لگی فیکٹریوں کی دھواں چھوڑتی چمنیاں فضا کو آلودہ کر رہی ہیں۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے اینٹوں کے بھٹے بھی باغوں کے شہر کو آلودہ کرنے میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ شاہراہوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیاں اور شور مچاتے رکشوں سے بھی فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے لگا۔

شہر میں ترقیاتی کاموں کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی فضا میں مضرصحت اثرات چھوڑنے لگیں۔ شاہکام چوک فلائی اوور، شیرانوالہ گیٹ، گلاب دیوی انڈر پاس کی تعمیر سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنا معمول بن گیا۔

مسایہ ملک بھارت میں جلائی گئی فصلوں کی باقیات سے اٹھنے والا دھواں بھی سرحد عبور کرتے ہوئے پاکستان پہنچنے لگا۔ فضائی آلودگی ماپنے کے لیے چار مقامات ٹاؤن ہال، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم، محکمہ ماحولیات کے دفتر اور ٹاؤن شپ میں آلات لگائے گئے ہیں۔ سرکاری سطح پر مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح موبائل وین اور سیٹیلائٹ کی مدد سے بھی جانچی جاتی ہے۔