Saturday, April 27, 2024

لاک ڈاؤن کے باعث سکھر کا غریب طبقہ شدید متاثر ہوگیا

لاک ڈاؤن کے باعث سکھر کا غریب طبقہ شدید متاثر ہوگیا
March 31, 2020
سکھر (92 نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے باعث سکھر کا غریب طبقہ شدید متاثر ہوگیا ہے، یومیہ اجرت پر گزارہ کرنے والے گھر پر بیٹھ گئے، چولہا جلانا مشکل ہوگیا، سفید پوش طبقہ کسمپرسی کے عالم میں حکومت و انتظامیہ کی معاونت کا منتظر ہے۔ سکھر میں لاک ڈائون کا 9 واں روز ہے، غریبوں کے گھروں کے چولہے تاحال ٹھنڈے ہیں۔ اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کی فکر میں ڈوبے غریبوں کا کہنا ہے حکومت نے راشن کی تقسیم کا عمل توشروع کردیا لیکن یوسی چیئرمین اپنے من پسند لوگوں کو راشن فراہم کررہے ہیں۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ لوگوں کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے بولے سندھ حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو فنڈز دیدیئے ہیں، جلد سب کے گھروں تک راشن پہنچ جائے گا۔ یومیہ اجرت سے محروم رہنے والے لوگوں میں راشن کی تقسیم کا عمل صاف و شفاف رکھنا انتظامیہ کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔