Friday, April 26, 2024

لاک ڈاؤن کے باعث دیگر صنعتوں کی طرح پاور لومز بھی بند ، مزدور مشکلات کا شکار

لاک ڈاؤن کے باعث دیگر صنعتوں کی طرح پاور لومز بھی بند ، مزدور مشکلات کا شکار
April 15, 2020

ملتان ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن سے صنعتی یونٹ بند ہوئے تو پاور لومز میں کام کے اپنے گھر چولہا جلانے والے مزدور بے روزگار ہوگئے۔

ویران پڑے ان چھوٹے صنعتی یونٹس میں کام کر کے یومیہ 6 سو روپے کمانے والے سینکٹروں مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں  ،  تین ہفتوں سے جاری لاک ڈاون کے باعث یہ دیہاڑی دار طبقہ حکومت اور مخیر حضرات کی امداد کا منتظر دیکھائی دیتا ہے۔

ملک بھر میں  رکشہ چلانے والوں  کے حالات بھی کچھ مختلف نہیں ،جو  رکشہ لیکر سڑکوں پر گھوم رہے ہیں ،لیکن نہ سواری مل رہی ہے اور نہ ہی  کوئی مدد۔

آنکھوں میں اداسی ، چہرے پرفکریں لئے کراچی کے رکشہ ڈرائیور  جو کبھی رکشے چلا کر  گھروں کا چولہا جلاتے تھے ، آج سواری نہ ہونے کے باعث  پریشان ہیں ، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سےآمدنی کا سلسلہ رک گیاہے ، یہ رکشہ لیکر نکلتے ہیں مگر سواری نہیں ملتی ۔

رکشہ ڈرائیور زکا کہنا تھا کہ حکومت سےکوئی امداد نہیں ملی ، مجبورا ًکسی پرانےجاننےوالےسےراشن لینا پڑتا ہے ،سب کی دعاہےکہ کوروناوائرس کا خاتمہ ہو اور زندگی معمول پرآئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث غریب مزدور دیہاڑی دار طبقے  کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،کام نہ ہونے کے باعث نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے  ۔

چہرے پر مایوسی ، آنکھوں میں بے چینی لئے کسی مسیحا  کے منتظر لاہور کے  مزدور دیہاڑی دار طبقے  کو کورونا وائرس  اور لاک ڈاؤن نے بری طرح متاثر کیا ہے ،  جن کے گھروں میں  کام بند ہونے سے  فاقے پڑ گئے ہیں۔

ان مزدوروں کا کہنا ہے کہ  مدت سے  کام بند ہونے کے باعث دو وقت کی روٹی کھانا بھی محال ہوگیا ہے، بچوں کی بھوک  نے  بھیک مانگنے پر بھی مجبور کر دیا ہے ۔

ان  کا کہنا ہے کہ حکومت کو غریب مزدور دیہاڑی دار طبقے کے لئے فوری حکومتی امداد اور روز گار کے حوالے سے محفوظ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔