Friday, April 19, 2024

لاک ڈاؤن کھولیں گے تاکہ لوگوں کو نوکریاں ملیں، وزیراعظم عمران خان

لاک ڈاؤن کھولیں گے تاکہ لوگوں کو نوکریاں ملیں، وزیراعظم عمران خان
May 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کھولیں گے تاکہ لوگوں کو نوکریاں ملیں، لوگ لاک ڈاؤن سے بہت زیادہ متاثر ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے خطاب میں کہا کہ لوگ لاک ڈاؤن سے بہت زیادہ متاثر ہوچکے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے نچلی سطح پرطبقہ زیادہ متاثرہوا، آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کو کھولنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سامنے بڑا چیلنج ہے، کورونا کے باعث وہ اقدام کرنا پڑے جو 100 سال میں ملکوں نے نہیں کیے، ہمارے ملک میں سب سے بڑے مسئلے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہیں، جس کے باعث ہرطبقہ متاثر ہوا،  ہمارا ملک تو پہلے بھی مشکل میں تھا، بڑے ملکوں میں بھی مسئلہ آچکا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں قوم کوان لوگوں کی ضرورت ہے جو رضا کارانہ مدد کرسکیں، انتظامیہ اکیلی کچھ نہیں کرسکتی، یونین کونسلز میں بیروزگار افراد کی رجسٹریشن ہوگی، ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو خطرہ ہے کورونا پھر تیزی سے پھیلے گا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ ٹائیگر فورس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ٹائیگرفورس میں شامل رضاکار مسجدوں میں ایس اوپیزسےمتعلق آگاہ کریں، لاک ڈاؤن کھولنے کیلئےایس اوپیز رکھ رہے ہیں، ٹائیگر فورس رضاکار فورس ہے، آپ نے پیسے اکٹھے نہیں کرنے، ٹائیگر فورس رضاکار لاک ڈاؤن سے بیروزگارلوگوں کی رجسٹریشن کرائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ یونین کونسلز میں بیروزگار لوگوں کی رجسٹریشن ہوگی، طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے بھی ٹائیگر فورس میں شامل ہیں، ٹائیگرفورس یوٹیلیٹی اسٹورز میں چیک کرسکتی ہے کہ کیا ہو رہا ہے، جن شرائط پر لاک ڈاؤن کھولا جائے گا اس پرعمل کیا جائے، معیشت بھی چلانی ہے اور کورونا سے بھی عوام کو بچانا ہے، ضلعی انتظامیہ ٹائیگرفورس سے اچھا برتاؤ کرے، جس طرح کا چیلنج ہے، ٹائیگر فورس کی ضرورت پڑے گی۔