Thursday, April 18, 2024

لاک ڈاؤن، چنیوٹ کا مزدور اور اسکے 3 نابینا بچے دو وقت کی روٹی سے محروم

لاک ڈاؤن، چنیوٹ کا مزدور اور اسکے 3 نابینا بچے دو وقت کی روٹی سے محروم
April 18, 2020
چنیوٹ (92 نیوز) ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث غربت میں اضافہ ہوگیا، چنیوٹ کا رہائشی مزدور اور اسکے 3 نابینا بچے لاک ڈاؤن کی وجہ سے دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئے اور کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔ چنیوٹ کا رہائشی غلام یاسین کے تینوں بچے جسمانی طور پر کمزور اور قوت بصارت سے محروم ہیں اور لاک ڈاؤن نے ان کے گھر کا چولہا بھی ٹھنڈا کر دیا۔ محنت کش غلام یٰسین، تعمیراتی کام پر دیہاڑی لگاتا تو کبھی کوئی مزدوری کر لیتا لیکن لاک ڈاؤن کی مجبوری اس پر بھاری پڑگئی، پہلے ہی غربت کی دلدل میں تھا، کام نہ ہونے پر نوبت فاقہ کشی تک جا پہنچی۔ بچے جنہوں نے باپ کا سہارا بننا تھا، ایک پیدائشی جبکہ دو بڑھتی عمر کے ساتھ آنکھوں کی روشی کھو بیٹھے، علاقہ معززین بھی اس بےبس اور لاچار خاندان کیلئے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔ حالات کے ستائے ان بچوں کے والدین، وزیراعظم عمران خان اور مخیر حضرات سے دادرسی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ سفید پوشی کی چادر اوڑھے اس غریب کی مفلسی چیخ چیخ کر مدد کی اپیل کر رہی ہے کہ خدارا، کوئی مسیحا ان کی طرف بھی نظر کرم کرے۔