Thursday, April 25, 2024

لاک ڈاؤن میں نرمی پر کورونا کا پھیلاؤ، ڈاکٹروں کا پابندیاں مزید سخت کرنیکا مطالبہ

لاک ڈاؤن میں نرمی پر کورونا کا پھیلاؤ، ڈاکٹروں کا پابندیاں مزید سخت کرنیکا مطالبہ
April 22, 2020

کراچی ( 92 نیوز) لاک ڈاؤن میں نرمی پر کورونا کا پھیلاؤ جاری ہے ،  ڈاکٹرز کا پابندیاں مزید سخت کرنے کا مطالبہ ، ڈاکٹر سعد نیاز، ڈاکٹر عبدالباری، ڈاکٹر عاطف اور ڈاکٹر قیصر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاک ڈاؤن کے نام پر مذاق ہو رہا ہے۔

سندھ کے ڈاکٹروں نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی، لاک ڈاؤن نرم کرنے پر کیسز کی تعداد بڑھی تو ڈاکٹرز کراچی پریس کلب پہنچ گئے اور مطالبہ کیا لاک ڈاؤن نرم نہیں بلکہ مزید سخت کیا جائے، ڈاکٹر عاطف نے کہا لاک ڈاؤن نرم کرتے ہی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔

ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا لوگ سمجھیں یہ سازش نہیں بلکہ بیماری ہے، پاکستان میں لاک ڈاؤن نہیں مذاق ہو رہا ہے ، دکانیں کھلی ہوئی ہیں ، لوگ گھروں سے باہر ہیں ، پریشان ہیں آئندہ کیا ہوگا، دو ہفتے بعد کی صورتحال پریشان کن ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹر قیصر سجاد نے مساجد کھولنے کے فیصلے کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا علمائے کرام نے غیرسنجیدگی دکھائی ، انسان کی جان سے کھیلنے کا مظاہرہ کیا گیا، علمائے کرام اور صدر کے درمیان جو اعلامیہ طے پایا ہے اس پر بھی نظرثانی کی جائے۔

ڈاکٹر عبدالباری نے کہا پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا، رمضان قریب آنے پر مساجد کھولنے پر زور دیا گیا، ڈاکٹرز کمیونٹی میں تشویش ہے کہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر سعد نیاز نے کہا دنیا بھر میں ابھی کورونا وائرس کا کوئی علاج نہیں، سماجی فاصلہ اور لاک ڈاؤن برقرار رکھنا ہوگا، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ کورونا ان پر اثر انداز نہیں ہوگا، اس مرض کو ہلکا نہ لیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا 162 ڈاکٹرز اور اسٹاف بھی متاثر ہوچکا ہے، یہ لڑائی کورونا اور ڈاکٹرز کے درمیان ہے اس لئے ہماری ہدایات پر عمل کیا جائے۔