Friday, May 10, 2024

لاک ڈاؤن طویل عرصے کے بعد کھلا تو شہریوں نے ایس او پی کی دھجیاں اڑادیں

لاک ڈاؤن طویل عرصے کے بعد کھلا تو شہریوں نے ایس او پی کی دھجیاں اڑادیں
May 11, 2020
پشاور (92 نیوز) لاک ڈاؤن طویل عرصے کے بعد کھلا تو شہریوں نے ایس او پی کی دھجیاں اڑادیں، بازاروں میں بڑے پیمانے پر رش لگ گیا جبکہ پشاور میں شام پانچ بجے کے بعد بھی دکانیں کھلی رہیں۔ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی مگر ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی شرط بھی لگادی مگر شہریوں نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑادیا اور حفاظتی تدابیر کے بغیر ہی بازاروں میں امڈ آئے۔ پشاور اور کوئٹہ میں بھی دکانداروں پر رش دکھائی دیا اور لوگوں نے ایس او پی کو بھلادیا، پشاور میں نہ صرف شہریوں نے سماجی دوری کو بھلادیا بلکہ شام پانچ بجے کے بعد بھی دکانیں کھلی رہیں اور رات کے وقت بھی خریداری ہوتی رہی۔ راولپنڈی میں لاک ڈاون میں نرمی کے پہلے روز شہر میں بدترین ٹریفک جام رہا، مری روڈ، لیاقت روڈ، راول روڈ، مال روڈ پر میلوں لمبی قطاریں لگی ہیں، رش میں پھنسے روزے داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا تو شہریوں پر ایس او پی کی پابندی کا زور دیا، بازاروں میں رش بڑھ گیا تو نہ صرف کورونا کے کیسز بڑھ سکتے ہیں بلکہ دوبارہ لاک ڈاؤن بھی لگنے کا خطرہ ہے۔