Friday, April 19, 2024

لاک ڈاؤن سے وائرس کی رفتار سست ہو گی، مکمل ختم نہیں ہوگا، وزیر اعظم

لاک ڈاؤن سے وائرس کی رفتار سست ہو گی، مکمل ختم نہیں ہوگا، وزیر اعظم
May 15, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن سے وائرس کی رفتار سست ہو گی مکمل ختم نہیں ہوگا، کورونا وائرس جلد ختم ہونے والا نہیں، قوم کو اس کے ساتھ رہنا ہوگا، میڈیکل کمیونٹی لاک ڈاؤن میں سختی کا کہتی ہے وہ بتائے لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے  15کروڑ لوگوں کا کیا کریں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کی صورتحال پر اجلاس کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال تو ویکسین کی تیاری ممکن نہیں، کورونا وائرس فی الحال ختم نہیں ہونے والا، لاک ڈاؤن سے 15کروڑ پاکستانی متاثر ہیں، آنے والے دنوں میں کورونا کیسز مزید بڑھیں گے، انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر پاکستان میں حالات کنٹرول میں ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں تاجر برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ نے بہت احتیاط کرنی ہے، ہم ایس او پیز کے ساتھ مختلف کاروبار کھولتے جا رہے ہیں، دکانداروں اور تاجروں کے اوپر ایس او پیز پر عمل کرنا بہت ضروری ہے، پوری قوم کو ایس او پیز پر عمل کرنا چاہئے۔ جن علاقوں یا شعبے میں کورونا کے کیسز بڑھیں گے ہوسکتا ہے ہمیں وہاں پھر سے لاک ڈاؤن کرنا پڑے، میں دکانداروں سے کہوں گا آپ ذمہ داری لیں، اگر آپ ذمہ داری لیں گے تو لوگوں کو کاروبار کھولنے کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگرفورس کی بھی بہت بڑی ذمہ داری ہے، ٹائیگر فورس لوگوں کے درمیان جاکر انہیں ذمہ داری کا احساس دلائیں، ہمارے پاس نہ اتنی زیادہ پولیس ہے اور نہ ہی جیل ہے کہ سختی سے ایس او پیز پر عمل کراسکیں، ابھی تک کئی صوبوں میں خدشہ ہے کہ ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے سے وائرس تیزی سے پھیلے گا۔ وزیراعظم بولے کہ ہم روزانہ کی معلومات کی بنیاد پرمشاورت سے فیصلے کرتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں اور صوبوں سے مشاورت کرتے ہیں، ابھی تک ٹرانسپورٹ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوسکا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے غریب آدمی کی زندگی مشکل میں ہے، ٹرانسپورٹ بند کرتے ہیں تو ہم سب سے زیادہ نقصان غریب آدمی کو ہوتا ہے، میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، جہاں بڑی تعداد میں اموات ہو رہی ہیں وہاں بھی ٹرانسپورٹ کھول دی ہیں،  میں بھی آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ ٹرانسپورٹ کھول دیں۔ وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ عوام میں آگاہی کے لیے میڈیا نے بہت اہم کردار ادا کیا، میں میڈیا کا اس حوالے سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔