Friday, April 26, 2024

لاک ڈاؤن سے مزدور،دیہاڑی دار طبقے کو شدید مشکلات

لاک ڈاؤن سے مزدور،دیہاڑی دار طبقے کو شدید مشکلات
April 1, 2020

لاہور ( 92 نیوز) کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث غریب مزدور دیہاڑی دار طبقے  کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،کام نہ ہونے کے باعث نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے  ۔

چہرے پر مایوسی ، آنکھوں میں بے چینی لئے کسی مسیحا  کے منتظر لاہور کے  مزدور دیہاڑی دار طبقے  کو کورونا وائرس  اور لاک ڈاؤن نے بری طرح متاثر کیا ہے ،  جن کے گھروں میں  کام بند ہونے سے  فاقے پڑ گئے ہیں۔

ان مزدوروں کا کہنا ہے کہ 9 روز سے کام بند ہونے کے باعث دو وقت کی روٹی کھانا بھی محال ہوگیا ہے، بچوں کی بھوک  نے  بھیک مانگنے پر بھی مجبور کر دیا ہے ۔

ان  کا کہنا ہے کہ حکومت کو غریب مزدور دیہاڑی دار طبقے کے لئے فوری حکومتی امداد اور روز گار کے حوالے سے محفوظ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ادھر کراچی کے رکشہ ڈرائیور  جو کبھی رکشے چلا کر  گھروں کا چولہا جلاتے تھے ، آج سواری نہ ہونے کے باعث  پریشان ہیں ، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سےآمدنی کا سلسلہ رک گیاہے ، یہ رکشہ لیکر نکلتے ہیں مگر سواری نہیں ملتی ۔

رکشہ ڈرائیور زکا کہنا تھا کہ حکومت سےکوئی امداد نہیں ملی ، مجبورا ًکسی پرانےجاننےوالےسےراشن لینا پڑتا ہے ،سب کی دعاہےکہ کوروناوائرس کا خاتمہ ہو اور زندگی معمول پرآئے۔