Friday, April 26, 2024

لاک ڈاؤن اسپنرز کی تکنیک پر کام کرنے کیلئے بہترین وقت ہے ، مشتاق احمد

لاک ڈاؤن اسپنرز کی تکنیک پر کام کرنے کیلئے بہترین وقت ہے ، مشتاق احمد
April 30, 2020

لاہور ( 92 نیوز) مشتاق احمد نے لاک ڈاؤن کو اسپنرز کی تکنیک پر کام کرنے کیلئےبہترین وقت قرار دیدیا ، کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں وکٹیں لینے کے لیے اوور اسپن سے کامیابی ملتی ہے۔

ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی جانب سے موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دینے کا سلسلہ جاری ہے ، مشتاق احمد نے  کہا کہ لاک ڈاؤن اسپنرز کی تکنیک پر کام کرنے کیلئے بہترین وقت ہے ، ڈبل ڈبلیوز کی موجودگی میں وکٹیں لینا ایک چیلنج تھا۔

مشتاق احمد نے کہا کہ  پاکستان میں گیند با آسانی گھومتا ہے مگر انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں وکٹیں لینے کے لیے اوور اسپن سے کامیابی ملتی ہے ، عماد وسیم کی لیگ اسپن بہتر ہورہی ہے جبکہ یاسر شاہ گگلی پر خاص کام کررہے ہیں، شاداب خان کے پاس ویری ایشنز ہیں انہیں طویل طرز کی کرکٹ میں کامیابی کے لیے صرف تجربہ درکار ہے۔

لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ  کیرئیر کے آغاز میں مرحوم عبد القادر کی نقالی میں اپنا ایکشن خراب کر بیٹھے ، پھر صادق محمد نے ایکشن تبدیل کرایا  جس سے ان کی گگلی اور لیگ اسپن مزید مؤثر ہوگئی۔

مشتاق احمد نے کہا کہ  اسپنر کو آرٹ کے ساتھ ساتھ اسمارٹنس درکار ہوتی ہے، بطور اسپنر وکٹ کیپر سے رابطہ بہت ضروری ہے، معین خان کے ساتھ مل کر حریف بلے بازوں کو اپنی اسپن کے جال میں پھنسا کر پویلین کی راہ دکھاتا تھا ۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کیرئیر کے مشکل وقت میں تنقید سننے کی بجائے اپنی حکمت عملی بناتا تھا ، میں ایک مزدور کا بیٹا ہوں ، اپنے والد سے کبھی ہار نہ ماننا سیکھا ہے۔