Friday, April 19, 2024

لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں فوج ہٹانے کا پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد

لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں فوج ہٹانے کا پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد
October 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں فوج ہٹانے کا پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا۔ پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے فوج کی تعیناتی ہٹانے کے مطالبے پر الیکشن کمیشن کا رد عمل آ گیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں فوج ہٹانے کا پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد کر دیا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن پرامن، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے لیے اقدامات اٹھانے کا پابند ہے۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 193 کے تحت پاک فوج ، رینجرز اور الیکشن عملے کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا عام انتخابات 2018 ضمنی انتخابات میں بھی سیکورٹی آفیسرز کو اختیارات دیے گئے تھے جن کا استعمال کسی بھی افسر نے نہیں کیا تھا۔ پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب کے پرامن انعقاد کے لیے پولنگ اسٹیشن میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی عملے کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے ہیں۔