Saturday, May 11, 2024

لاڑکانہ، کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے پر بچہ ماں کی گود میں دم توڑ گیا

لاڑکانہ، کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے پر بچہ ماں کی گود میں دم توڑ گیا
September 18, 2019

لاڑکانہ (92 نیوز) سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث ایک اور پھول مرجھا گیا، لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے پر ایک اور معصوم بچہ تڑپ تڑپ کر زندگی کی بازی ہار گیا، والدین 10 سالہ بچے کو شکار پورہسپتال بھی لے گئے لیکن ویکسین نہ ملی۔

شکارپور کے گاؤں مبارک ابڑو کے رہائشی محنت کش صفدر کا کہنا ہےکہ اس کے 10 سالہ بیٹے میر حسن کو عید سے دو روز قبل آوارہ کتے نے کاٹا، طبیعت خراب ہونے پر شکار پور اور  سلطان کوٹ سمیت دیگر مقامی مقامات سے بچے کا علاج کرایا جب حالت نہ سنبھلی تو لاڑکانہ لے آئے۔ ورثا حالت غیر ہونےکے باوجود  بچے کو کمشنر آفس کے فرش پر لے کر بیٹھے رہےمگر کسی اعلیٰ افسر نےکوئی توجہ نہ دی اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔

دوسری جانب کمشنر آفس میں اے آر وی سنٹر انچارج ڈاکٹر نور الدین قاضی کا کہنا تھا کہ شکارپور، جیکب آباد سمیت ڈویژن بھر میں ویکسین کی کمی ہے۔بچے کے دماغ پر اثر ہو چکا تھا، ویکسین نہ ملنے سے مرض بگڑ گیا  اب زندہ رہنا مشکل تھا۔

رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے اس افسوسناک واقعہ پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مائوں کے ہاتھوں میں بچے دم توڑ رہے ہیں، معصوم بچے کو اگر وقت پر ویکسین مل جاتی تو شاید وہ بچ جاتا ،ماں کی گود میں بچہ تڑپ تڑپ کر د م توڑ گیا ،خدا کسی کو یہ منظر نہ دیکھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کو 100ارب کا بجٹ کہاں گیا ؟۔ صوبے کو لاوارث کردیا گیا،سندھ کے حکمرانوں کو اللہ پوچھے گا،روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دے کر لوگوں سے زندگیا ں چھین لیں۔