Friday, April 26, 2024

لاڑکانہ : نجی کیڈٹ کالج کے طالبعلم پر تشدد‘ گردن کی ہڈی 5 جگہ سے ٹوٹ گئی

لاڑکانہ : نجی کیڈٹ کالج کے طالبعلم پر تشدد‘ گردن کی ہڈی 5 جگہ سے ٹوٹ گئی
November 19, 2016

لاڑکانہ (92نیوز) لاڑکانہ کے کیڈٹ کالج میں مبینہ طور پر استاد کے تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علم کو تین مہینے بعد بھی ہوش نہیں آ سکا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈز کو معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے جبکہ کور کمانڈر کراچی اور جنرل آفیسر کمانڈنگ پنوں عاقل نے بھی معاملے کی انکوائری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں قائم نجی کیڈٹ اسکول میں زیرتعلیم آٹھویں جماعت کے طالب علم محمد احمد حسین کو استاد نے مبینہ طور پر اس بے دردی سے مارا کہ وہ دماغی طور پر معذور ہو گیا۔ متاثرہ بچے کے والد کے مطابق بدترین تشدد کا واقعہ گیارہ اگست کو پیش آیا جس کے نتیجے میں محمد احمد حسین کا جسم سوج گیا۔ سر پر چوٹیں آنے سے دماغ کو آکسیجن کی سپلائی بند ہوگئی اور وہ بے ہوش ہو گیا۔

کم سن طالب علم کو کراچی لے جایا گیا جہاں وہ تین مہینے تک نجی اسپتال میں زیر علاج رہا لیکن اسے ہوش نہیں آیا۔ محمد احمد حسین چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے۔ بیٹے کی اس حالت پر غم سے نڈھال والدین نے حکام سے انصاف کی اپیل کی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکرٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈز کو معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا اور ہدایت کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے جلد رپورٹ دی جائے جبکہ طالب علم کے علاج کا بندوبست بھی کیا جائے۔

کور کمانڈر کراچی اور جنرل آفیسر کمانڈنگ پنوں عاقل نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حقائق منظر عام پر لانے کے لیے انکوائری تشکیل دے دی ہے۔