Friday, April 26, 2024

لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا بچہ کراچی میں زیر علاج، حالت تشویشناک

لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا بچہ کراچی میں زیر علاج، حالت تشویشناک
November 16, 2019
 کراچی (92 نیوز) لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے 6 سالہ حسنین کو بری طرح زخمی کر ڈالا۔ حسنین کو طبی امداد کے لیے لاڑکانہ سے کراچی منتقل کر دیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ آوارہ کتوں نے 6 سالہ حسنین کو بھنبھور ڈالا۔ حسنین کو علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔ زخمی بچے کو لاڑکانہ سے پہلے کراچی کے نجی اسپتال پھر سول اسپتال اور آخر میں این آئی سی ایچ اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔ حسنین کے والد کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کسی حکمران نے ساتھ نہیں دیا۔ لاڑکانہ سے بچے کو اپنی مدد آپ کے تحت لیکر آئے ہیں۔ اسپتال والے خون کی بوتلیں مانگ رہے ہیں ہم کہاں سے دیں۔ حکومت بچےکے علاج کے لیے مدد فراہم کرے۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی این آئی سی ایچ اسپتال پہنچے اور حسنین کی عیادت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ حسنین کو ہر ممکن امداد فراہم کرے۔ کتوں کے خاتمے کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھاوں گا اور قانون سازی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈاکٹرز کے مطابق حسنین کی حالت تشویش ناک ہے ۔ آج ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دے دی جائے گی ۔ اس کے بعد علاج کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔