Thursday, May 2, 2024

لاڑکانہ میں ایڈز کے معاملے پر سندھ اسمبلی کا ایوان مچھلی منڈی بن گیا

لاڑکانہ میں ایڈز کے معاملے پر سندھ اسمبلی کا ایوان مچھلی منڈی بن گیا
May 17, 2019
 کراچی (92 نیوز) لاڑکانہ میں ایڈز کے معاملے پر سندھ اسمبلی کا ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ پی ٹی آئی ارکان نے ایڈز کے معاملے پر بولنے سے روکنے پر احتجاج شروع کر دیا۔ لاڑکانہ میں ایڈز پھیلنے کا معاملہ سندھ  حکومت کا پیچھا کرتے کرتے سندھ اسمبلی  پہنچ گیا۔ ایڈزسے متعلق قرار داد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پی  ٹی آئی  اراکین آگ بگولہ ہو گئے ۔ اسپیکر سراج درانی اور وزیر صحت سندھ نے اپوزیشن اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں ایڈز سے متعلق جواب دیا جائے گا لیکن اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کرتے رہے۔ معاملہ بڑھا تو حلیم عادل شیخ اور پیپلز پارٹی کے ممتاز جاکھرانی میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا ایوان کو مچھلی بازار بنا کر ایسی صورتحال پیدا کی جاتی ہے۔ قرارداد پیش کرنے کی اجازت  نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان  احتجاج جاری رکھتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ ایک طرف سندھ کے عوامی  نمائندے آپس میں گتھم گتھا ہیں تو دوسری طرف  ایڈز کا مرض کنٹرول سے باہر  ہوتاجارہا ہے ۔ صرف لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو اور گردونواح میں ایڈز کے مریض بچوں کی تعداد 430 ہو گئی ہے جو سندھ بھر میں بچوں کی رجسٹرڈ تعداد سے بھی زیادہ ہے۔