Sunday, May 5, 2024

لاڑکانہ میں ایڈز کے بڑھتے کیسز، اسکریننگ کیلئے تشخیصی کٹس کم پڑ گئیں

لاڑکانہ میں ایڈز کے بڑھتے کیسز، اسکریننگ کیلئے تشخیصی کٹس کم پڑ گئیں
May 15, 2019
لاڑکانہ (92 نیوز) رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز بڑھنے لگے لیکن  محکمہ صحت سندھ کے پاس  دیگر اضلاع میں ایچ آئی وی ایڈز اسکریننگ کیلئے کٹس کم پڑ گئیں۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے دو لاکھ سے زائد کٹس کی ضرورت ہے۔ کٹس کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام اور عالمی ادارہ صحت سے کٹس کی فراہم کی درخواست کی گئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ افراد میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آج بھی مزید انتیس کیس سامنے  آئے جن میں تئیس بچے شامل ہیں۔ کیس کے مرکزی کردار مظفر گھانگرو کے ایڈز میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد محکمہ صحت نے شکار پور سمیت علاقے کے تمام اتائیوں کی اسکریننگ کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری کے آبائی حلقے لاڑکانہ میں ایڈز نے پنجے گاڑ لیے ہیں۔  رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کے متاثرین کی تعداد 400 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ سندھ ایڈز کے نرغے میں آگیا،لاڑکانہ میں وائرس پھیلا بلڈ اسکریننگ کے بعد 400 مریض سامنے آگئے جن میں تین سو سے زائد بچے اور درجنوں خواتین بھی شامل ہیں۔ زیادہ تر متاثرین اتائی ڈاکٹروں کی ناقابل معافی کوتاہی کا شکار ہوئے۔ لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو کے بلڈ اسکریننگ کیمپ میں روزانہ درجنوں مریض سامنے آرہے ہیں۔ صرف رتو ڈیرو میں ہی متاثرین کی تعداد 400 ہو گئی۔ شکارپور میں بھی ایچ آئی وی کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ مریضوں کی تعداد 23 ہو گئی۔ پیر کے روز دوبارہ کیمپ لگایا جائے گا۔ تھرپارکر میں بھی ایڈز کے تین مریض سامنے  آئے۔ ٹھل میں ایک ہی گھر کے باپ بیٹا اور بہو میں ایڈز کا وائرس نکلا۔ تینوں نے حیدرآباد کی لیاقت یونیورسٹی سے بلڈ ٹیسٹ کرائے۔