Friday, May 17, 2024

لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل ، شہباز تتلا کے مشترکہ گھر سے اہم شواہد مل گئے

لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل ، شہباز تتلا کے مشترکہ گھر سے اہم شواہد مل گئے
February 13, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور سے لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل اور ان کے دوست سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلا کی گمشدگی کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں کو دونوں دوستوں کے مشترکا گھر سے اہم شواہد مل گئے۔ ایس ایس پی مفخر عدیل اور ان کے دوست سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلا کی پراسرار گمشدگی سے پردے ہٹنے لگے۔ پولیس نے دونوں کے مشترکا گھر فیصل ٹاؤن سے اہم شواہد حاصل کرلئے۔ پانچ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کئے گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے فیصل ٹاؤن میں واقع دونوں کے مشترکا گھر سے ایک ڈرم ملا ہے جس کو فرانزک لیب منتقل کر دیا گیا۔ دونوں دوست گھر میں مشترکا پارٹی کرتے تھے۔ گھر سے نشہ آور اشیاء کے استعمال کے شواہد بھی ملے ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ گھر میں کوئی واردات ہوئی۔ فیصل ٹاؤن میں گھر کے اردگرد لگے سی سی ٹی وی کیمرے بھی چیک کئے گئے۔ کیمروں میں مفخر عدیل، شہباز تتلا سمیت 9 سے 10 افراد کو گھر کے اندر داخل ہوتے دیکھا گیا۔ ایس ایس پی مفخر عدیل کی شہباز تتلا کو گھر سے لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی ہے تاہم ابھی تک پولیس حکام اس نتیجے پر نہیں پہنچ سکے کہ دونوں کو اغوا کیا گیا ہے یا خود غائب ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مفخر عدیل اور سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ نے کبھی بیرون ملک سفر نہیں کیا۔ دونوں کی ٹریولنگ ہسٹری بھی کلیئر ہے۔ ایس ایس پی مفخر عدیل کسی بھی کیس کی تفتیش نہیں کر رہے تھے۔ پولیس نے گزشتہ رات ایس ایس پی کی گاڑی جوہر ٹاؤن کے نجی شاپنگ مال کی پارکنگ سے برآمد کی تھی۔ مفخر عدیل کے موبائل کی آخری لوکیشن بھی جوہر ٹاؤن کی تھی جبکہ شہباز تتلا نے آخری کال بھی مفخر عدیل کو ہی کی تھی۔ مفخر عدیل کی اہلیہ نے اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ نواب ٹاؤن میں دائر کی ہے۔ اہلخانہ کے مطابق ایس ایس پی مفخر عدیل منگل کی رات نو بجے رہائش گاہ سے نکلے لیکن واپس نہ آئے، ان کا نمبر بھی بند ہو گیا۔