Friday, April 26, 2024

لاپتہ افراد کمیشن کی نگرانی کیلئے سپریم کورٹ نے دو رکنی خصوصی بینچ تشکیل دیدیا

لاپتہ افراد کمیشن کی نگرانی کیلئے سپریم کورٹ نے دو رکنی خصوصی بینچ تشکیل دیدیا
September 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) لاپتہ افراد کمیشن کی  نگرانی کے لئے سپریم کورٹ نے دو رکنی  خصوصی بینچ  تشکیل دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارس دیئے کہ  ہر ماہ کمیشن سے پیش رفت رپورٹ لیں گے ، لاپتہ شخص مدثر اقبال کی والدہ کمرہ عدالت میں زاروقطار روپڑیں ، عدالت نے لاپتہ مدثر اقبال کا پروڈکشن آرڈر طلب کر لیا۔ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے  دوران سماعت چیف جسٹس کو مخاطب کرکے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر عدالت کے نوٹس لینے پر متعلقہ افراد کے لواحقین کو حوصلہ ملا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا لاپتہ افراد کمیشن کی استعداد کار پر کوئی شک وشبہ نہیں ، کمیشن کو سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب عدم تعاون  کی شکایت تھی جو ایجنسیوں کے سربراہان کا اجلاس بلا کردورکردی ہے۔ آئندہ لاپتہ افراد کمیشن میں بریگیڈئیر سے کم آفسر پیش نہیں ہوگا۔ آمنہ مسعود نے کہا کہ لاپتہ افراد کے کیسز کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبری لاپتہ کرنے کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لاپتہ افراد کمیشن  کی نگرانی جسٹس منظور ملک اور جسٹس طارق مسعود پر مشتمل بینچ کرے گا۔ کمیشن ہرماہ اپنی پیش رفت رپورٹ خصوصی بینچ کو بھجوائےگا۔ لاپتہ افراد متاثرین کی داد رسی کمیشن ہی بہترطورپرکرسکتا ہے۔ دوران سماعت لاپتہ شخص مدثر اقبال کی والدہ زاروقطار روپڑی ۔ کہا کمیشن کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود بیٹے کو پیش نہیں کیا گیا ،جس پر عدالت نے لاپتہ مدثر اقبال کا پروڈکشن آرڈر طلب کر لیا۔ چیف جسٹس کا کہناتھا اگرعلم ہو آپکا بچہ کہاں ہے توخود جاکر بازیاب کرائیں گے ،ایجنسیوں کو بدنام کرنے کیلئے بھی لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے، کئی لوگ جہاد اور بہکاوے میں آکر چلے گئے ہیں۔