Saturday, April 20, 2024

لانڈھی میں فیکٹری گودام میں لگنے والی آگ تاحال بے قابو

لانڈھی میں فیکٹری گودام میں لگنے والی آگ تاحال بے قابو
December 16, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے لانڈھی  میں پلاسٹک بنانے والی فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ 8 گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے بعد بھی بے قابو ہے  ، صبح  ساڑھے 6 بجے لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے  جبکہ 8 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے ۔ 24 گھنٹے میں  کراچی میں آتشزدگی کا دوسرا خوفناک واقعہ  لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں پلاسٹک بنانے والئی فیکٹری کے گودام میں پیش آیا ،   شعلوں نے گودام کو اپنی لپیٹ میں لیا اور  اور علاقہ آسمان سے باتیں کرتے دھویں میں تبدیل ہوگیا ۔ فیکٹری کے گودام کو آگ صبح سویرے لگی  ، شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے پورا گودام شعلوں کی لپیٹ میں آگیا اور دیواریں بھی گرنے لگیں  ، جبکہ دھویں کی شدت کے باعث فائر فائٹرز کو سانس لینے اور آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ عینی شاہد کے مطابق فیکٹری کے پاس موجود کچرا  آگ کی وجہ بنا  ، آگ بجھانے کیلئے آنے والا ایک فائر ٹینڈر بھی جواب دے گیا  اور عملہ کو دھکے لگاکر کام چلانا پڑا  ، فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا ۔ حکام نے بتایا کہ آگ کی اطلاع ڈیڑھ گھنٹے بعد موصول ہوئی  ، واٹر بورڈ نے بھی تمام ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی اور 10 سے زائد ٹینکرز کی مدد سے پانی فراہمی یقینی بنائی ۔