Saturday, April 20, 2024

لانس نائیک محمد محفوظ کا آج 46واں یوم شہادت منایا جارہا ہے

لانس نائیک محمد محفوظ کا آج 46واں یوم شہادت منایا جارہا ہے
December 17, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) مادروطن کیلئے جرأت وبہادری کا درخشدہ باب رقم کرنے والے عظیم سپوت لانس نائیک محمد محفوظ کا 46واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

راولپنڈ ی کے پنڈ ملکاں کے محمد محفوظ 25اکتوبر1944ءکو پیدا ہوئے، اپنی 18ویں سالگرہ کے دن یعنی25اکتوبر 1962ءکو پاک فوج کا حصہ بنے، شاید محمد محفوظ پیدا ہی پاکستان اور پاک فوج کیلئے ہوئے تھے۔

محمدمحفوظ پاک فوج میں ماہر مڈل ویٹ باکسراور پاکستانی محمد علی کے نام سے مشہور تھے اور1971ءکی جنگ کے دوران 15پنجاب رجمنٹ کا حصہ تھے۔

واہگہ کی سرحد پردشمن کی شدید فائرنگ کے باوجودلانس نائیک محمد محفوظ نے دشمن کی دو رجمنٹس کو اپنی مشین گن سے روکے رکھا اور اپنی مشین گن تباہ ہوئی تو اپنے شہید ساتھی کی مشین گن سے دشمن کا مقابلہ کیا۔

محفوظ کی دونوں ٹانگیں شدید زخمی اور مشین گن ناکارہ ہو چکی تھی تاہم جسم کو گھسیٹتے دشمن کے بنکر تک پہنچے اور کھڑے ہوکر فائر کرنے والے بھارتی سپاہی کو دبوچ کر واصل جہنم کیا، لیکن دوسرے بھارتی فوجی کے فائر سے لانس نائیک محمد محفوظ جام شہادت نوش کرگئے۔

اکہتر کی جنگ کے بعد بھارتی کمانڈرز نے لانس نائیک محمد محفوظ کی بہادری، شجاعت اور جذبے کی برملا تعریف کی۔ شہید کی عظیم قربانی پر اُنہیں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نواز گیااور اُن کے گاﺅں کا نام پنڈ ملکاں سے محفوظ آبادرکھ دیا گیا۔

سابق آرمی چیف جنرل (ر) ٹکا خان نے کہا کہ ”شہید نے پوری فوج کیلئے شاندار مثال قائم کردی، پوری قوم شہید پر فخر کرتی ہے“۔