Friday, April 19, 2024

لازوال شاعر مرزاغالب کو ہم سے بچھڑے 152 برس بیت گئے

لازوال شاعر مرزاغالب کو ہم سے بچھڑے 152 برس بیت گئے
February 15, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) زندگی کی تلخ حقیقتوں کو شعر کی زبان میں بیان کرنے والے اسد اللہ غالب کو دنیا سے بچھڑے 152 برس بیت گئے۔

مرزا غالب کا نام اسد اللہ بیگ  تھا۔ آپ 27 دسمبر 1797 کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ غالب بچپن ہی میں یتیم ہو گئے تھے، ان کی پرورش ان کے چچا مرزا نصر اللہ بیگ نے کی لیکن آٹھ سال کی عمر میں ان کے چچا بھی فوت ہو گئے۔

مرزا غالب اردو زبان کے سب سے بڑے شاعر سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی عظمت کا راز صرف ان کی شاعری کے حسن اور بیان کی خوبی ہی میں نہیں ہے۔ ان کا اصل کمال یہ ہے کہ وہ زندگی کے حقائق اور انسانی نفسیات کو گہرائی میں جا کر سمجھتے تھے۔

غالب نے اردو شاعری میں ایک نئی روح پھونکی ۔ان کی شاعری میں روز مرہ محاوروں سے دل میں اتر جانے والی سادگی کے کمال نے غالب کو زمانے میں یکتا کر دیا۔

غالب کی شاعری میں انسان اور کائنات کے مسائل کے ساتھ محبت اور زندگی سے وابستگی شدت سے نظر آتی ہے۔ پندرہ فروری 1869 کو اردو کے اس عہد ساز شاعر نے داعی اجل کو لبیک کہا اور خالق حقیقی سے جا ملے۔