Sunday, September 8, 2024

لارڈز ٹیسٹ میں محمد عامر پہلی بال کیسی کرائیں گے ؟ کروڑوں کا جوا لگ گیا

لارڈز ٹیسٹ میں محمد عامر پہلی بال کیسی کرائیں گے ؟ کروڑوں کا جوا لگ گیا
July 13, 2016
لاہور (92نیوز) فاسٹ باولر محمد عامر ایک بار پھر لارڈز میں ٹیسٹ کھیلنے کےلئے تیار ہیں۔ دنیاکی نگاہیں ان پرلگی ہیں۔ وہ پہلی بال کیسی پھینکیں گے اس پر کروڑوں کا سٹہ لگ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراونڈ پر محمد عامر کی یہی وہ نوبال تھی جس نے ان پر کرکٹ کے دروازے بند کر دیے اور ذلت و رسوائیوں کے دروازے کھول دیے۔ اب فاسٹ باولر نے پانچ برس بعد ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ میدان ایک بار پھر وہی لارڈز کا ہے جہاں پاکستان اور انگلینڈ کل 14 جولائی کو آمنے سامنے ہوں گے۔ انگلینڈ کی بلے بازی کے دوران جب گیند عامر کے ہاتھ میں ہو گی تو ہر ذہن میں ایک ہی سوال ہو گا فاسٹ باولر اپنی پہلی گیند کیسی پھینکے گا ؟ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس پر کروڑوں کا سٹہ لگ گیا ہے کہ عامر اپنی پہلی گیند وائیڈ پھینکے گا یا نو۔ یہی نہیں اب تو عامر کی ہر گیند ہی دنیا تنقید کی عینک لگا کر دیکھے گی۔ محمد عامر کی صلاحیتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور وہ دنیا کی کسی بھی بیٹنگ لائن کو اکیلے تہس نہس کر سکتے ہیں۔ اسی لئے تو انگلش میڈیا نے عامر کو دباو میں لانے کےلئے ان پر تنقید کے تیروں کی بارش کر دی ہے لیکن عامر کے ٹیلنٹ کے قدردانوں کی بھی دنیا میں کمی نہیں۔ پہلے کوہلی ان کی تعریف کر چکے۔ اب ویسٹ انڈیز کے سابق جارحانہ اوپنر ڈیسمنڈ ہینز کا کہنا ہے کہ عامر اتنے اچھے باولر ہیں کہ اگر وہ مستقل مزاجی کےساتھ کھیلتے رہے تو سابق عظیم فاسٹ باولر اینڈی رابرٹس کی طرح اپنے دامن میں کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔