Sunday, September 8, 2024

لارڈز ٹیسٹ  : دوسرے روز کا کھیل جاری ، پاکستانی اننگز کے جواب میں انگلش بیٹنگ جاری ، عمران خان بھی بیٹوں کے ہمراہ سٹیڈیم میں موجود

لارڈز ٹیسٹ  : دوسرے روز کا کھیل جاری ، پاکستانی اننگز کے جواب میں انگلش بیٹنگ جاری ، عمران خان بھی بیٹوں کے ہمراہ سٹیڈیم میں موجود
July 15, 2016
  لندن(92نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل جاری ہے۔  پہلے روز تو کپتان مصباح الحق نے سنچری بنانے کے بعد پش اپس لگا کر پوری قوم  کو خوش کر دیا۔ دوسرے روز بھی میچ کے دوران چند اہم واقعات دیکھنے میں آئے۔ تفصیلات کےمطابق لارڈز ٹیسٹ  کو شروع ہوئے ابھی دوسرا روز ہے تاہم کرکٹ کے شائقین کو کئی ایسے مناظر دیکھنے کو ملے جن کو کرکٹ کا حسن کہا جا سکتا ہے ۔   میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کی بیٹنگ کا آغاز ہوا اور محمد عامر باؤلنگ کے لئے آئے  تو تماشائیوں اور کمنٹیٹرز میں ایک نیا جوش جذبہ دیکھنے کو ملا تاہم محمد حفیظ نے محمد عامر کی گیند پر الیسٹر کک کا کیچ چھوڑدیا اور عامر  چھے سال بعد پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کرنے سے محروم ہوگئے  جبکہ الیسٹر کک  سنیل گواسکر کا ریکارڈ توڑ کراوپنر کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ کمنٹیٹرز اور تماشائیوں نےسابق پاکستانی کپتان عمران خان  کو لارڈز اسٹیڈیم میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کمنٹیٹرز نے ان کی دل کھول کر تعریفیں کیں۔ محمد عامر نے لارڈز ٹیسٹ میں وکٹوں کا کھاتا  کھول لیا ہے۔جبکہ بلے بازی میں بھی چوکے سے شروع کی ۔۔ محمد عامر پہلی گیند کیسی پھینکیں گے اس لمحے کا خود محمد عامر ہی نہیں، کرکٹ شائقین بھی شدت سے انتظار کر رہے تھے۔ دوسرے روز کا وہ لمحہ بھی کم دلچسپ نہ تھا جب میچ شروع ہونے سے قبل سابق انگلش کرکٹر ڈیوڈ لائیڈ نے میدان میں پش اپس لگا کر  یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ بھی مصباح کی طرح ابھی جوان ہیں۔ انگلش بیٹنگ جاری ہے تاہم یاسر شاہ نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ان کو بڑا گھاو لگا دیا ہے ۔