Sunday, September 8, 2024

لائن لاسز بڑھ گئے، گیس کی قیمتیں بڑھائی جائیں !!! سوئی ناردرن گیس کی اوگرا کو درخواست

لائن لاسز بڑھ گئے، گیس کی قیمتیں بڑھائی جائیں !!! سوئی ناردرن گیس کی اوگرا کو درخواست
August 19, 2015
لاہور (92نیوز) سوئی ناردرن گیس نے اوگرا سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کر دی ہے۔ ایم ڈی عارف حمید کہتے ہیں کہ گیس مہنگے داموں خرید کر سستی نہیں بیچ سکتے۔ چیئرمین اوگرا نے سوئی نا ردرن گیس کے لاسززیادہ قرار دیتے ہوئے انہیں کم کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کورم پورا نہ ہونے پر عرصہ تین سال سے تاخیر کی شکارسوئی ناردرن گیس کے سالانہ حسابات برائے دو ہزار بارہ تیرہ کی سماعت ہوئی۔ سماعت چیئرمین اوگرا سعید احمد خان نے کی۔ سوئی نادرن گیس کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کی گئی۔ چیئرمین اوگرا نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کے سالانہ حسابات کا جائزہ لیکر جلد منظوری دی جائے گی۔ سعید خان نے کہا کہ پاکستان میں گیس کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ہیں اس لئے اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالر ایل این جی منصوبے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ چیئرمین اوگراکی جانب سے سوئی ناردرن کو گیس کے لاسز کم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید نے کہا کہ مہنگے داموں خرید کر گیس سستی نہیں بیچ سکتے۔ انہوں نے آئندہ سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافے کی بھی شنید سنا دی۔ عارف حمید کا کہنا تھا کہ اس وقت نئے کنکشنز کیلئے پندرہ لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں۔ اوگرا کو ارجنٹ فیس پچیس ہزار روپے سے بڑھا کر پچاس ہزار روپے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔