Thursday, April 25, 2024

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی
May 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جنگی جنون میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔ قابض بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے نیزا پیراور رکھ چکری سیکٹرز میں معصوم شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفارتکار کو باور کرایا گیا کہ قابض بھارتی فورسز کا لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر جان بوجھ کر معصوم شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ بھارت مسلسل بین الاقوامی انسانی حقوق، قوانین اور اقدار کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارتی طرز عمل علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت اپنی فورسز کو فائر بندی انتظام 2003ء کی مکمل پاسداری کا پابند بنائے۔ واقعات کی تحقیقات اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو اپنا کام کرنے دیا جائے ۔ وزارت خارجہ کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے 7 مئی کو لائن آف کنٹرول پر بھاری توپخانے، مارٹر گولوں اور خودکار ہتھیاروں سے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 3 معصوم بچیوں سمیت 6 شہری شدید زخمی ہوئے ۔ بھارت رواں سال 989 بار فائر بندی انتظام کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔