Friday, April 19, 2024

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے 4 سویلین شہید ، جوابی کارروائی میں 6 بھارتی فوجی ہلاک

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے 4 سویلین شہید ، جوابی کارروائی میں 6 بھارتی فوجی ہلاک
November 21, 2016

 

راولپنڈی(92نیوز)لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 سویلین شہری شہید اور 10 زخمی ہوئے۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی میں 6 بھارتی فوج ہلاک ہوئے ہیں جبکہ  بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب بھی کیا گیا ہے اور لائن آف کنٹرول پر 4 معصوم بچوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ مبصر مشن سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کےمطابق لائن آف کنٹرول کے بروچ سیکٹر میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 4 مزید سویلین شہری شہید اور 10 زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں  اب تک 6  بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی  تصدیق ہو چکی ہے، دوسری جانب بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  دفتر خارجہ میں جنوبی ایشا ڈیسک کے سربراہ ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔ گزشتہ 36 گھنٹے میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی تعداد 8 ہو چکی ہے۔ گزشتہ رو ز اقوام متحدہ مبصر مشن کے وفد نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو حکام سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کے ثبوت ، پاکستان کی جانب سے، اقوام متحدہ کے حوالے کئے گئے تھے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ مبصر مشن سے، لائن آف کنٹرول پر ہونے والے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔