Sunday, May 12, 2024

لا پتہ ہونیوالے سکیورٹیز ایکسچینج آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل 6روز بعد بازیاب

لا پتہ ہونیوالے سکیورٹیز ایکسچینج آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل 6روز بعد بازیاب
September 9, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد سے لا پتہ  ہونے والے سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل 6 روز بعد بازیاب ہوگئے ہیں ، اہل خانہ اور اسلام آباد پولیس نے تصدیق کردی ، ساجد گوندل کی اہلیہ سجیلہ ساجد نے آٓواز اٹھانے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

6 روز قبل اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر ساجد گوندل بازیاب ہوگئے ہیں۔ ایس پی رورل نے ان کی بازیابی کی تصدیق کردی ہے ، جب کہ ساجد گوندل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ واپس آگئے ہیں ، انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو ان کے حوالے سے فکر مند تھے۔

گزشتہ رات ساجد گوندل کو نامعلوم افراد روات کے قریب چھوڑ گئے تھے ، ایس ای سی پی کے بازیاب افسر ساجد گوندل نے اپنی اہلیہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ،اور بتایا کہ وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں۔

ساجد گوندل نے اپنی اہلیہ کو بتایا کہ وہ اسلام آباد کی بجائے سرگودھا میں اپنے آبائی گھر جائیں گے ،ساجد گوندل کی اہلیہ سجیلہ ساجد نے آٓواز اٹھانے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

ساجد گوندل 3 ستمبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے ، ساجد گوندل کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی زیر سماعت تھی  ،جس میں عدالت نے متعلقہ حکام کو پیر کو ساجد گوندل کی بازیابی کے لیے دس روز کی مہلت دی تھی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ساجد گوندل کی بازیابی کے لیے 3 رکنی کابینہ کمیٹی قائم کی تھی۔