Friday, March 29, 2024

قومی یکجہتی وقت کا تقاضا،سیاست ترجیح نہیں ، شہباز شریف

قومی یکجہتی وقت کا تقاضا،سیاست ترجیح نہیں ، شہباز شریف
March 25, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ  سیاست کو اس وقت ترجیح نہیں دینی چاہئے ، سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہو جائے لیکن اپنے اصل ہدف پر نظر رکھنی ہے ۔

اسلام آباد میں پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ  اصل مقصد اپنی قوم کی بقا کی جنگ ہے ، عوام کے خادم کا کردار ادا کرنا ہے، یہ اجتماعی امتحان ہے ، اس میں اجتماعی طور پر ہی سرخرو ہو سکتے ہیں۔

وزیر اعظم کے اجلاس سے چلے جانے پر شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے واک آؤٹ کر دیا ، شاہ محمود قریشی کی اپوزیشن لیڈر سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے  کہا شہباز شریف بڑے پن کا مظاہرہ کریں، اجلاس سے واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے، سب نے مل کر اس چیلنج کے خلاف پالیسی بنانی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف پر چڑھائی کرتے ہوئے کہا کہ اِس وقت خود نمائی کریں نہ اپنی پذیرائی، اپوزیشن بے وقت کی راگنی الاپنے کی بجائے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہو، شہباز شریف کے دور میں پنجاب میں صحت کا شعبہ تنزلی کا شکار ہوا، اپنی جائیدادیں اور وسائل ملک میں واپس لائیں، اپوزیشن تنقید ضرور کرے لیکن حل بھی پیش کرے۔