Sunday, September 8, 2024

قومی ہیرو محمد محمود عالم المعروف ایم ایم عالم کو ہم سے بچھڑے تین سال گزر گئے

قومی ہیرو محمد محمود عالم المعروف ایم ایم عالم کو ہم سے بچھڑے تین سال گزر گئے
March 18, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) قومی ہیرو ایم ایم عالم کو ہم سے بچھڑے تین سال گزر گئے۔ انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بھارت کو خاک چٹانے والے اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کا ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔ محمد محمود عالم المعروف ایم ایم عالم کو پاکستان کا فخر کہا جاتا ہے۔ پاکستان ایئرفورس کے اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم نے انیس سو پینسٹھ میں بھارت کے ساتھ  ہونیوالی جنگ میں وہ تاریخ رقم کی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ایم ایم عالم کو لٹل ڈریگن کا خطاب بھی دیا گیا۔ سات ستمبر انیس سو پینسٹھ میں ایم ایم عالم کی تعیناتی سرگودھا میں تھی جبکہ انہیں فلائیٹ کا حکم ملا وہ فوراً ہی اپنے پسندیدہ لڑاکا طیارے سیبر ایٹی سکس میں سوار ہوئے اور دشمن کو نشانہ بنانے کیلئے اڑان بھری۔ اپنے پختہ عزم اور ملی جذبے سے وہ جلد ہی دشمن طیاروں کے سروں پر پہنچ گئے اور ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے پانچ ہاکر ہنٹر لڑاکا طیارے مار گرائے اور پاک فضائیہ کی دسترس بھارتی فضائوں میں بھی قائم کر دی جس میں سے چار طیارے صرف تیس سیکنڈز میں گرائے اور فتح کے یقین کے ساتھ زمین پر اترے۔ اس جنگ میں انہوں نے بھارت کے نو طیارے گرا کر اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ایم ایم عالم کو بے مثال جرات اور جوانمردی پر ستارہ جرأت کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ ایم ایم عالم طویل علالت کے بعد اٹھارہ مارچ دو ہزار تیرہ کو ستتر سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی تدفین پی اے ایف بیس مسرور کے شہدا قبرستان میں کی گئی۔ پاکستان ایئرفورس میں ایم ایم عالم کا نام ہمیشہ سنہرے حرفوں میں لکھا جائیگا۔