Friday, May 17, 2024

قومی کرکٹرز کے آن لائن لیکچرز مکمل

قومی کرکٹرز کے آن لائن لیکچرز مکمل
May 10, 2020

لاہور ( 92 نیوز) قومی کرکٹرز کے آن لائن لیکچرز مکمل ہو گئے ، شاگردوں نے استادوں کے  مشوروں کو میدان میں لاگو کرنے کا عزم کرلیا۔

ماضی کے شہرہ آفاق کرکٹرز جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنی تکنیک میں بہتری کے لیے گر بتائے تو قومی بلے باز تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

نوجوان فاسٹ باؤلرز شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے بھی 1990 کی دہائی کے عظیم فاسٹ باؤلرز وسیم اکرم اور شعیب اختر کے سوئنگ اور رفتار میں بہتری کے مشوروں پر عمل کرنے کی ٹھان لی۔

ماضی میں اپنی روایتی رقابت کے قصے سناتے معین خان اور راشد لطیف نے سرفراز احمد اور محمد رضوان کو مثبت رقابت جاری رکھنے کے لیے کارکردگی میں تسلسل لانے کا مشورہ دیا۔

27 اپریل سے 9 مئی تک جاری رہنے والے ان سیشنز میں 8 سابق کرکٹرز نے 45 موجودہ اور ایمرجنگ کھلاڑیوں کو اپنے تجربے کی روشنی میں مشورے دئیے، جسے قومی جونیئر و سینئر کرکٹرز نے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مفید قرار دیا۔