Wednesday, May 1, 2024

لاہور میں کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز‘ کئی کھلاڑی پریشانی میں مبتلا

لاہور میں کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز‘ کئی کھلاڑی پریشانی میں مبتلا
May 8, 2016
لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹرز کی فٹنس چیک کرنے کے لیے لاہور میں ٹیسٹ شروع ہو گئے تاہم کھلاڑی اس سے پریشان دکھائی دیتے ہیں کہ ٹیسٹ پاس نہ ہونے کی صورت میں ان کا سنٹرل کنٹریکٹ متاثر ہو سکتا ہے شاید اسی لیے شاہد آفریدی نے یہ کہتے ہوئے پی سی بی سے معذرت کر لی کہ گھٹنے میں درد ہے لہٰذا ابھی ٹیسٹ نہیں دے سکتا۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے بوٹ کیمپ سے پہلے پی سی بی نے کرکٹرزکی فٹنس کو جانچنے کا فیصلہ کیا تو کھلاڑی پریشان ہو کر رہ گئے۔ ذرائع کے مطابق فٹنس ثابت نہ ہونے پر سنٹرل کنٹریکٹ پر اثر پڑ سکتا ہے۔ فٹنس کیمپ سے سب سے زیادہ خطرہ شاہدآفریدی، عمراکمل، محمدعرفان اور سعیداجمل کو ہے جبکہ جنید خان‘ صہیب مقصود اور محمد حفیظ کی کیٹیگری تبدیل کی جا سکتی ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوئے۔ یونس خان اور صہیب مقصود نے ٹیسٹ دیا لیکن عماد وسیم اور محمد حفیظ ان فٹ ہونے کی وجہ سے نہ آئے جبکہ مصباح الحق عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نہ پہنچے۔ شاہد آفریدی نے تو گھر بیٹھے ہی پی سی بی کو ای میل کر کے فٹنس ٹیسٹ دینے سے معذرت کر لی اور کہا کہ گھٹنے کا مسئلہ ہے اور انگلش کاونٹی کھیلنے بھی جانا ہے اس لیے فی الحال فٹنس ٹیسٹ نہیں دے سکتا۔ کاونٹی کرکٹ سے واپسی پر ہی فٹنس ٹیسٹ ممکن ہے۔ فٹنس ٹیسٹ بارہ مئی تک جاری رہے گا جبکہ چودہ مئی سے بوٹ کیمپ کا آغاز ہو گا۔