Thursday, April 25, 2024

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد پر چار میچوں کی پابندی عائد

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد پر چار میچوں کی پابندی عائد
January 27, 2019
 دبئی (92 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔ زبان کی ہلکی سی جنبش کپتان سرفراز کے کیرئیر کو داغدار کر گئی۔ ڈربن میچ میں جنوبی افریقن کھلاڑی فیلوک وایو کو نسل پرستانہ جملے کہنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل نے کپتان سرفراز پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی۔ کپتان سرفراز جنوبی افریقہ کے خلاف دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے۔ آئی سی سی کی جانب سے  جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سرفراز  پر چار میچوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔ سرفراز کو نسل پرستی کیخلاف تعلیمی پروگرام میں بھی شرکت کرنا ہو گی۔ تعلیمی پروگرام کب اورکہاں ہو گا ، اس کیلیے آئی سی سی اور پی سی بی رابطے میں رہیں گے۔ جوہانسبرگ ون ڈے کیلئے سرفراز کی جگہ شعیب ملک ٹاس کیلئے آئے۔ شعیب ملک نے کہا سرفراز ڈربن واقعے کی وجہ سے نہیں کھیل رہے تاہم انہوں نے  سرفراز پر پابندی کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ 22 جنوری کو ڈربن میں ہونے والے میچ میں کپتان سرفراز نے جنوبی افریقن کھلاڑی فیلوک وائیو  پر جملہ کسا تھا جسے اسٹمپ مائیک میں صاف طور پر سنا گیا۔ واقعہ کے بعد سرفراز کو سابق کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی جانب سے  تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا۔ سرفرازاحمد نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ اپنے رویے پر معافی مانگتے ہیں اور انکا کسی کو ناراض کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ سرفراز احمد نے فیلوک وائیو سے بھی معافی مانگی اور انہوں نے مزید لکھا کہ وہ جنوبی افریقہ کی عوام سے بھی معافی مانگتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ انہیں معاف کر دیں گے۔ تاہم سرفراز کی معافی آئی سی سی نے قبول نہیں کی اور انہیں چار میچوں کیلئے معطل کر دیا۔