Friday, April 26, 2024

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے زندگی کی 33 بہاریں دیکھ لیں

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے زندگی کی 33 بہاریں دیکھ لیں
May 22, 2020
 کراچی (92 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے زندگی کی 33 بہاریں دیکھ لیں۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 2017 میں چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد 33 برس کے ہو گئے۔ 22 مئی 1987 کو کراچی میں جنم لینے والے  سرفراز احمد نے 49 ٹیسٹ میچوں میں 2657 ، 116 ون ڈے میں 2302 اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 812 رنز بنا رکھے ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد کی کپتانی میں پاکستان نے بھارت کو ہرا کر انڈر 19 ورلڈکپ 2006 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فروری 2017 میں سرفراز احمد ون ڈے کپتان بنے اور جون میں پاکستان بھارت کو شکست دیکر چیمپئنز ٹرافی کا ونر ٹھہرا۔ 2019میں سرفراز کے ستارے گردش میں آنا شروع ہوئے اور وہ تنازعات میں گھرتے گئے۔ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران پروٹیز باؤلر پھلکوائیو پر نسل پرستانہ جملے کسنے کی پاداش میں ان پر چار میچوں کی پابندی لگی ۔ اسی سال ورلڈکپ میں بری پرفارمنس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا ۔ اکتوبر 2019 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل سرفراز احمد کو کپتانی سے ہی ہاتھ دھونا پڑ گئے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم بنا۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل فور کے فائنل میں پشاور زلمی کو ہرا کر وننگ ٹرافی جیتی۔ 2018میں حکومت پاکستان کی جانب سے  انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ سرفراز احمد اپنی  شاندار حس مزاح کی وجہ سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری حاصل کرنیوالے سرفرازاحمد  ڈومیسٹک میں بہترین پرفارمنس کے ذریعے قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید ہیں۔