Sunday, September 8, 2024

قومی ٹیم ورلڈ کپ سے آؤٹ، لالہ جی کا ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ ملتوی

قومی ٹیم ورلڈ کپ سے آؤٹ، لالہ جی کا ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ ملتوی
March 26, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) آسٹریلیا سے شکست کے بعد قومی ٹیم تو ورلڈ کپ سے آؤٹ ہو گئی لیکن لالہ جی کا ٹیم کی قیادت سے فوری طور پر دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔ کہتے ہیں وہ وطن واپس جا کر اگلے چار پانچ روز میں ریٹائرمنٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ دوسری طرف وقاریونس نے بھی مستقبل پر مشاورت شروع کر دی ہے۔ غضب کیا ترے وعدے پہ اعتبار کیا، ورلڈ کپ سے پہلے اور اس کے دوران تو شاہد آفریدی کئی بار ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کے وعدے کرتے رہے لیکن کپتانی چھوڑنا شاید اتنا آسان کام نہیں جتنا لالہ جی سمجھتے تھے۔ ابھی چند روز قبل ہی ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ ان کا آخری میچ ہو گا اور پاکستانی شائقین نے ان کے اس وعدے پر اعتبار کر لیا لیکن جیسے ہی کپتانی چھوڑنے جیسے اہم اعلان کا وقت آیا تو اپنا وعدہ ہی بھول گئے اور کہا کہ گھر واپس جا کر اس پر غور کریں گے اور ملک کے لیے جو بہتر ہو گا، وہی فیصلہ کریں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ لالہ جی وطن واپس آ کر ملک کے لیے کیا بہتر سمجھتے ہیں۔ فیصلہ کرتے ہوئے انہیں اپنی اس مایوسی اور اضطراب کو ضرور سامنے رکھنا چاہیے جس کا مظاہرہ وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے آخری لمحات میں کر رہے تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ بوم بوم کپتانی نہ چھوڑنے کو ہی ملک کے لیے بہتر سمجھتے ہیں لیکن ان کے خیر خواہوں کے نزدیک یہ فیصلہ درست نہیں۔ اسی لیے تو ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ وقاریونس نے شاہد آفریدی کے بارے میں تو رائے دے دی لیکن وہ خود استعفیٰ دیں گے یا نہیں، اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔