Friday, March 29, 2024

قومی ووٹرز لسٹوں میں بڑے پیمانہ پر گڑبڑ اور بے ضابطگیوں کا انکشاف

قومی ووٹرز لسٹوں میں بڑے پیمانہ پر گڑبڑ اور بے ضابطگیوں کا انکشاف
October 9, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد ( فہیم اختر ملک ) قومی ووٹرز لسٹوں میں بڑے پیمانہ پر گڑبڑ کا انکشاف، الیکشن کمیشن نے ملکی ووٹر لسٹوں میں گڑبڑ کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ووٹر لسٹوں کی ڈور ٹو ڈور تصدیقی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تصدیقی مہم مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔ ووٹر لسٹوں میں گڑ بڑ پر ڈائریکٹر ایم آئی ایس کو معطل کرکے باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی ووٹرز لسٹوں میں بڑے پیمانے پر گڑبڑ کے انکشافات پر قائم کی گئی الیکشن کمیشن کی کمیٹی نے اپنی سفارشات الیکشن کمیشن کو دیدیں ہیں جس میں کمیٹی نے مختلف سفارشات پیش کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے اس بات کی تصدیق کی کہ تیسرے ایڈریس پر درج 20 لاکھ ووٹرز کو بغیر ڈور ٹو ڈور تصدیق اور ووٹرز کی رائے جانے بغیر اندازہ سے مستقل پتے پر منتقل کرنے سے ووٹر لسٹ کے بلاکس اور پوری فہرست میں گڑ بڑ ہو گئی ہے اس لئے ووٹرز فہرستوں کی مکمل نظر ثانی یا تیسرے ایڈریس پر منتقل کئے گئے ووٹرز کی تصدیق کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن  نے پوری ووٹرز فہرستوں کی نئے سرے سے ڈور ٹو ڈور تصدیقی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کی باضابطہ منظوری بھی دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فوری طور پر ووٹرز تصدیقی مہم شروع کردی ہے جو مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔ پہلے مہینہ میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز سے انتظامی امور پر ڈیٹا اکھٹا کرنے افراد سمیت ڈسپلے سنٹرز کی تعداد مانگی ہے۔ اس کے بعد سٹاف کی تربیت کی جائے گی۔ پھر ڈور ٹو ڈور تصدیقی مہم ہو گی جس میں تقریباً 11 کروڑ سے زائد ووٹرز کا ان کی مرضی سے اندراج ہو گا۔ ڈیٹا فیڈنگ کے بعد ڈسپلے سنٹرز پر ابتدائی فہرستیں رکھی جائیں گی۔ ووٹرز کو درستگی، اندراج اور اعتراضات کا وقت دیا جائے گا اور اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد اعتراضات پر فیصلے کرکے حتمی ووٹرز لسٹیں جاری کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے عام انتخابات 2023 کے لئے یہی نئی مرتب شدہ ووٹرز لسٹیں استعمال ہو گی جبکہ تصدیقی مہم مکمل ہونے تک موجودہ ووٹرز لسٹیں برقرار رہیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز لسٹوں میں گڑ بڑ سامنے آنے پر ڈائریکٹر ایم آئی ایس بابر ملک کو معطل کر دیا اور ان کے خلاف باضابطہ انکوائری بھی کی جارہی ہے۔