Saturday, April 27, 2024

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا
May 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گلگت بلتستان میں 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مزید انتظامی اور مالیاتی اختیارات دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ،فاٹا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے اہم فیصلے کیئے گئے۔ کمیٹی نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی توثیق کر دی جبکہ وزیراعظم نے کمیٹی کو  فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ کمیٹی کو وزارت خارجہ کی طرف سےخطے اور عالمی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی جبکہ شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔ اجلاس میں کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق شرکا کو سرتاج عزیزکی سربراہی میں قائم کمیٹی کی آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان اصلاحات پر بریفنگ دی گئی جبکہ گلگت بلتستان میں 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیر خارجہ و دفاع خرم دستگیر کے علاوہ دیگر وزراء بھی شریک ہوئے۔