Monday, September 16, 2024

قومی سلامتی کمیٹی کا بڑا قدم، ٹرمپ کی پالیسی پر ردعمل تیارکرنے کےلئے ذیلی کمیٹی تشکیل

قومی سلامتی کمیٹی کا بڑا قدم، ٹرمپ کی پالیسی پر ردعمل تیارکرنے کےلئے ذیلی کمیٹی تشکیل
August 30, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) امریکہ کو بھرپور جواب دینے کےلئے قومی سلامتی کمیٹی نے ردعمل تیارکرنے کےلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔ تمام ایجنسیوں کے نمائندے کمیٹی میں شامل ہونگے۔ کمیٹی 12ستمبرکو سفارشات پیش کرے گی ۔۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا ایک ہی ہفتے میں دوسرا اجلاس ہوا۔ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراءسمیت متعلقہ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے امریکہ کی جنوبی ایشیاءسے متعلق نئی پالیسی پر ردعمل تیار کرنے کےلئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔ جس میں تمام ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہونگے۔ یہ کمیٹی قومی سلامتی کمیٹی کے اگلے اجلاس تک سفارشات مکمل کرنے کی پابند ہوگی۔ سفیروں کی کانفرنس کی سفارشات بھی قومی سلامتی کے اگلے اجلاس میں ہی پیش کی جائیگا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ اجلاس کے دوران امریکہ کی جنوبی ایشیاءسے متعلق نئی پالیسی کے بعد کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ وزارت خارجہ اور سکیورٹی حکام نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔ اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر دوست ملکوں سے فوری رابطے کئے جائیں۔

اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی کی صورتحال ۔۔کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزیوں اور آپریشن ردالفساد میںپیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔