Friday, April 26, 2024

قومی رابطہ کمیٹی کی ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع

قومی رابطہ کمیٹی کی ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع
April 24, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی، رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا رمضان میں احتیاط کرلی تو عید کے بعد بازار کھولنے کی طرف جاسکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، وفاقی حکومت کے نمائندوں اور صوبوں نے تجاویز پیش کیں، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کی جائے گی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا سحر اور افطار میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی،رمضان میں احتیاط کرلی تو عید کے بعد بازار کھولنے کی طرف جاسکتے ہیں۔ اسد عمر نے مزید کہا رمضان اللہ سے رجوع کا مہینہ ہے، وبا سے متعلق ڈاکٹرز سے مشاورت کی جارہی ہے، فوج حکومت کی بھرپور مدد کر رہی ہے، ٹیسٹنگ کی سہولت کو بڑھا رہے ہیں، 57 لاکھ خاندانوں تک 79 ارب روپے پہنچا چکے ہیں۔ وزیراعظم نے ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم نافذ کرانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت حساس ادارے کے ساتھ مل کر ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کام کرے گا، جس علاقے میں کورونا ہوگا وہاں ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کے ذریعے لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے بھی وفاقی حکومت کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کردی،عثمان بزدار کا کہنا ہے دودھ، دہی کی دکانوں، کریانہ اسٹوروں، تندوروں اور بیکریوں کو سحری کے وقت صبح 2 بجے سے صبح 4 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔