Thursday, April 18, 2024

قومی رابطہ کمیٹی نے فوری طور پر لاک ڈاؤن کا مطالبہ مسترد کردیا

قومی رابطہ کمیٹی نے فوری طور پر لاک ڈاؤن کا مطالبہ مسترد کردیا
March 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی رابطہ کمیٹی نے فوری طور پر لاک ڈاؤن کا مطالبہ مسترد کردیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا لاک ڈاؤن مشکل کام ہے لیکن ضرورت پڑی تو کربھی سکتے ہیں، کورونا کے حوالے سے کسی کو ذمہ دار ٹھہرانا غلط ہوگا، شہری خود ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور پرہجوم مقامات پر نہ جائیں۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ نے لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا تاہم ارکان نے مسترد کردیا، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال دیکھ کر فیصلہ ہوگا، وزیراعظم نے کہا لاک ڈاؤن کی صورتحال نہیں تاہم ایسا کر بھی سکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا عوام سے کوئی چیز چھپائی نہیں جائے گی، آگاہی مہم جاری ہے، وائرس کا ذمہ دار کسی کو بھی ٹھہرانا مناسب نہیں، ایک بھی کورونا کیس چین سے نہیں آیا۔ وزیراعظم نے ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کیسز بڑھ گئے تو مزیر اسپتال ضرورت پڑیں گے اس لئے عوام خود ہی احتیاط کریں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گرمی میں وائرس کمزور پڑجائے گا۔ وزیراعظم نے کہا خود کو قرنطینہ کرلینا ہی بہترین طریقہ ہے، کوئی نہیں بتاسکتا کہ آنے والے ایک دو ماہ میں کیا ہوگا، یہ نہ ہو کورونا سے بچاتے ہوئے لوگ بھوک سے مرنا شروع ہوجائیں۔ وزیراعظم کی نیوز کانفرنس کے دوران حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کرسیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا گیا تاکہ کورونا وائرس کے خطرات کو کم سے کم کیا جاسکے۔