Monday, May 13, 2024

قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ، اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ

قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ، اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ
March 31, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم بنی گالہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو ملک بھر میں جاری ویکسینیشن کے عمل اور خریداری پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن کے عمل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملک بھر میں تمام ان ڈور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ پابندیوں کا اطلاق 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز کے اضلاع اور شہروں میں ہو گا۔ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور ماسک کے استعمال کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتظامی مشینری ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے متحرک ہو جائے۔ کورونا وباء کی تیسری لہر خطرناک، بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے۔ ہم نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ وقت ایک بار پھر قوم سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔