Saturday, April 20, 2024

قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کو بچھڑے 33 برس بیت گئے

قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کو بچھڑے 33 برس بیت گئے
December 21, 2015
لاہور (92نیوز) پاک سر زمین شاد باد‘ کشور حسین شاد باد قومی ترانے کے خالق‘ نامور شاعر‘ مصنف اور ادیب حفیظ جالندھری کو ہم سے بچھڑے تینتیس برس بیت گئے۔ تفصیلات کے مطابق نامور شاعر حفیظ جالندھری چودہ جنوری انیس سو کو جالندھر میں پیدا ہوئے۔ اردو زبان کے اس مایہ ناز شاعر کو قومی ترانہ تحریر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ حفیظ جالندھری نے تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ انیس سو اڑتالیس میں آپ نے فورسز آف فریڈیم آف کشمیر جوائن کرلی۔ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑتے زخمی بھی ہوئے۔ آپ نے کشمیر کی آزادی کا ترانہ ” وطن ہمارا آزاد کشمیر“ بھی لکھا۔ یہی نہیں انیس سو پینسٹھ کی پاک بھارت جنگ کے دوران کئی معروف نغمے لکھ کر سپاہیوں کا خون گرمایا۔ نامور شاعر کا پہلا شعری مجموعہ ”نغمہ زار“ انیس سو پینتیس میں شائع ہوا۔ کتاب ”شاہنامہ اسلام“ نے ان کے نام اور رتبہ میں مزید اضافہ کیا۔ حفیظ جالندھری کی لکھی گئی بے شمار غزلوں کو نامور گلوکاروں نے اپنی مدھر آوازوں میں گایا۔ آپ شاعر‘ ادیب‘ مصنف کے ساتھ پایہ کے صحافی بھی تھے۔ انیس سو بائیس سے انیس سو انتیس تک کئی میگزینز کے ایڈیٹر رہے جن میں نونہال، ہزار داستان، تہذیب نسواں اور مخزن شامل ہیں۔ حفیظ جالندھری اکیس دسمبر انیس سو بیاسی کو بیاسی سال کی عمر میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ آپ کا مدفن مینار پاکستان کے قریب ہے۔